جمعرات 23 جولائی 2026 - 11:31
کارگل لداخ میں سیلاب؛جمعیت العلماء اثنا عشریہ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ اور امدادی کاروائیوں پر تاکید

حوزہ/جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل ہندوستان کے صدر اور لیفٹیننٹ گورنر لداخ کی مشاورتی کونسل کے رکن حجت الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے سیلاب سے متاثرہ کرکت بڈگام اور کرکت چھو کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ اور امدادی اقدامات پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (JUIAKL) کے صدر اور معزز لیفٹیننٹ گورنر، مرکز کے زیرِ انتظام خطۂ لداخ کی مشاورتی کونسل کے رکن، حجت الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کرکت بڈگام اور کرکت چھو کا تفصیلی دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

کارگل لداخ میں سیلاب؛ حجت الاسلام ناظر مہدی محمدی کا متاثرہ علاقوں کا دورہ اور امدادی کاروائیوں پر تاکید

دورے کے دوران انہوں نے دونوں دیہات کے سیلاب زدہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل، مشکلات اور فوری ضروریات کو بغور سنا اور اس کٹھن گھڑی میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی فوری راحت، بازآبادکاری اور ہر ممکن امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے ساتھ بھرپور تعاون اور رابطہ قائم رکھا جائے گا۔

اس موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کی سروے کمیٹی کے اراکین اور المہدی اسکاؤٹس، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے رضاکار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے زمینی سطح پر نقصانات کے سروے، امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور متاثرہ عوام سے رابطے میں فعال کردار ادا کیا۔

کارگل لداخ میں سیلاب؛ حجت الاسلام ناظر مہدی محمدی کا متاثرہ علاقوں کا دورہ اور امدادی کاروائیوں پر تاکید

حجت الاسلام شیخ ناظر مہدی محمدی نے دونوں دیہات میں رہائشی مکانات، زرعی اراضی، سڑکوں، آبپاشی کے نظام اور دیگر عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے شدید نقصانات کا جائزہ لیا اور مقامی باشندوں سے براہِ راست گفتگو کر کے ان کے مسائل اور نقصانات سے آگاہی حاصل کی۔

انہوں نے کرکت چھو کے دورے کے دوران بھارتی فوج (Indian Army) کی بروقت اور قابلِ ستائش خدمات کو سراہا، جس نے سیلاب میں رابطہ پل بہہ جانے کے بعد عوام کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے ایک عارضی پیدل پل تعمیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مقامی لوگوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت ملی ہے اور روزمرہ کی ضروری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے میں مدد ملی ہے۔

دورے کے دوران وفد کو یہ بھی بتایا گیا کہ سیلاب کے باعث کرکت چھو میں پینے کے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے اور گاؤں اس وقت پانی کے سنگین بحران سے دوچار ہے۔ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شیخ ناظر مہدی محمدی نے ڈپٹی کمشنر کرگل سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا اور مطالبہ کیا کہ گاؤں میں جلد از جلد واٹر پمپ فراہم کرکے پینے کے پانی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ عوام کو فوری راحت پہنچ سکے۔

کارگل لداخ میں سیلاب؛ حجت الاسلام ناظر مہدی محمدی کا متاثرہ علاقوں کا دورہ اور امدادی کاروائیوں پر تاکید

حجت الاسلام شیخ ناظر مہدی محمدی نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ کرکت بڈگام اور کرکت چھو دونوں دیہات میں امدادی، بحالی اور تعمیرِ نو کے کاموں میں مزید تیزی لائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور متاثرین کی ہر ممکن مدد اور تعاون کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha